لاہور( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین کی علیحدگی نے ان کی شخصیت، ذمہ داری کے احساس اور زندگی کے اصولوں پر گہرا اثر ڈالا۔44 سالہ اداکارہ، جو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار طرزِ زندگی کی حامی سمجھی جاتی ہیں، نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوچ اور اقدار کی بنیاد ان کے والد کی اصول پسندی سے جڑی ہوئی ہے۔دیا مرزا کے مطابق ان کے والد ہر حال میں اپنے اصولوں پر قائم رہتے تھے اور غیر اخلاقی کام کرنے سے انکار کر دیتے تھے، چاہے اس کے باعث مالی مشکلات کا سامنا ہی کیوں نہ ہو۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والدین کی علیحدگی کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ ان کے والد اپنے کام کے حوالے سے سخت اصولی مؤقف رکھتے تھے اور ان منصوبوں پر کام کرنے سے انکار کر دیتے تھے جو ان کے ضمیر کے مطابق نہ ہوں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک موقع پر اس وقت اختلاف پیدا ہوا جب ان کے والد نے ایک ایسی فیکٹری میں کام کرنے سے انکار کر دیا جو صنعتی فضلہ قریبی دریا میں پھینکتی تھی۔دیا مرزا کے مطابق اس وقت خاندان کو مالی مشکلات کا سامنا تھا، لیکن ان کے والد نے مالی فائدے کے بجائے اصولوں کو ترجیح دی۔اداکارہ نے کہا کہ اس واقعے نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا اور انہیں دیانت داری، سماجی ذمہ داری اور درست فیصلے کرنے کی اہمیت کا احساس دلایا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات انسان کو ایسے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں جن کی قیمت ذاتی زندگی میں بھی چکانی پڑتی ہے، تاہم اصولوں پر قائم رہنا ہی اصل کامیابی ہے۔واضح رہے کہ دیا مرزا طویل عرصے سے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں اور متعدد عالمی و سماجی مہمات کا حصہ بھی رہی ہیں۔
والدین کی علیحدگی نے میری شخصیت پر گہرا اثر ڈالا:دیا مرزا کا انکشاف
8 گھنٹے قبل