دانش تیمور اور عائزہ خان میں علیحدگی کی خبریں بے بنیاد ہیں، بھابھی کی وضاحت
کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار دانش تیمور اور عائزہ خان کے درمیان طلاق کی گردش کرتی خبروں پر دانش تیمور کی بھابھی سدرہ زاہد نے وضاحت کرتے ہوئے افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔سدرہ تیمور نے کہا کہ دانش اور عائزہ کا رشتہ مضبوط ہے اور دونوں کے درمیان علیحدگی کی بات درست نہیں، دونوں اپنی زندگی میں خوش ہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ فنکار بھی عام انسانوں کی طرح جذبات رکھتے ہیں، اس لیے انہیں بلاوجہ تنقید اور افواہوں کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ سدرہ کے مطابق عائزہ کسی تقریب میں شریک ہوں تو بھی تنقید ہوتی ہے اور نہ جائیں تو بھی انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔دانش تیمور اور عائزہ خان کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیاں اس وقت شروع ہوئیں جب عائزہ خان دانش کے ڈرامے ’’ہمراہی‘‘ کی اختتامی تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔ مداحوں نے یہ بھی محسوس کیا کہ عائزہ نے 8 اگست کو شادی کی سالگرہ کے موقع پر دانش کیلئے کوئی پیغام شیئر نہیں کیا، جبکہ بعدازاں انہوں نے اپنے انسٹاگرام سے دانش اور بچوں کی تصاویر بھی ہٹا دیں۔دوسری جانب دانش نے یومِ آزادی پر اہلخانہ کے بجائے اپنی تصویر شیئر کی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں۔تاہم دانش تیمور اور عائزہ خان دونوں میں سے کسی نے بھی طلاق یا علیحدگی کی تصدیق نہیں کی، اس لیے یہ خبریں تاحال محض افواہیں اور غیر مصدقہ قیاس آرائیاں ہیں۔دانش تیمور اور عائزہ خان کی شادی 2014 میں ہوئی تھی اور دونوں کا شمار پاکستان کی معروف شوبز جوڑیوں میں ہوتا ہے۔