پشاور میں سی ٹی ڈی آپریشن، پانچ دہشتگرد ہلاک
پشاور ( اباسین خبر) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کالعدم تنظیم کا ایک اہم کارندہ اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے خوڑ میرہ باچاخیل میں دہشتگردوں کی موجودگی پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی ٹیموں پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سی ٹی ڈی ٹیموں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں 5 دہشتگرد مارے گئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا کارندہ تاج محمد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، 2 پستول اور ایک دستی بم بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔