کاٹلنگ میں سی ٹی ڈی آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، دیگر فرار

کاٹلنگ میں سی ٹی ڈی آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، دیگر فرار

Aug 31, 2026|ویب ڈیسک

 پشاور( اباسین خبر)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ مردان ریجن نے کاٹلنگ کے پہاڑی علاقے بابوزی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ فتنہ الخوارج تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ دہشت گردوں کا ایک گروہ کاٹلنگ کے پہاڑی علاقے میں موجود ہے اور پہاڑ سے نیچے اتر کر دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی مردان ریجن کی سوات ٹیموں نے بابوزی کے پہاڑی علاقے میں کارروائی شروع کی۔ اہلکاروں کے موقع پر پہنچنے پر دہشت گرد پہاڑوں کی جانب فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کرنے لگے، جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 ایس ایم جیز، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مزید نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں تلاشی کارروائی جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فرار دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے بھی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور حوصلے کو سراہا۔