جلال آل کا جلد پاکستان آنے کا اعلان، مداحوں کیلئے سرپرائزز
استنبول( شوبز ڈیسک) معروف ترک اداکار جلال آل نے جلد پاکستان آنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی مداحوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ترک ڈراما دیرلیش ارطغرل میں عبدالرحمٰن الپ کا کردار ادا کرنے والے جلال آل نے انسٹاگرام پر پاکستانی مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں بہت یاد کرتے ہیں اور جلد پاکستان واپس آ رہے ہیں۔ اداکار نے مداحوں سے کہا کہ وہ اس ملاقات کے لیے تیار رہیں، کیونکہ وہ ان کے لیے کئی سرپرائزز بھی لائیں گے۔جلال آل نے اپنے پیغام کے اختتام پر "دل دل پاکستان، جان جان ترکیہ" بھی لکھا، جسے پاکستانی مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔اداکار کے مطابق ان کا پاکستان کا دورہ ایک معروف ترک برانڈ کے سلسلے میں ہوگا، تاہم انہوں نے دورے کی تاریخ اور برانڈ کے ساتھ تعاون کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔واضح رہے کہ کورونا وبا کے دوران دیرلیش ارطغرل کی پاکستان میں مقبولیت کے بعد جلال آل پاکستانی ناظرین میں خاصے مقبول ہوئے۔ عبدالرحمٰن الپ کے کردار نے انہیں پاکستان میں نمایاں شناخت دی، جبکہ ان کے سابقہ دوروں کو بھی مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔جلال آل تاریخی فلم فتح 1453 میں بھی اداکاری کر چکے ہیں اور ایوارڈ یافتہ مختصر فلم زَنبَرَک کے شریک پروڈیوسر بھی رہے ہیں۔ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے ہیں اور ترک ہلال احمر سمیت مختلف امدادی اداروں کے ساتھ انسانی خدمت کے منصوبوں میں کام کر چکے ہیں۔