سی ڈی اے نیلامی، اسلام آباد میں 16 ارب سے زائد کے پلاٹس فروخت
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی کا عمل جاری ہے، جس کے دوران کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے دوسرے روز بھی کئی اہم پلاٹس فروخت کیے۔سی ڈی اے کے زیر اہتمام جناح کنونشن سینٹر میں جاری تین روزہ نیلامی میں پہلے دو روز کے دوران مجموعی طور پر 16.438 ارب روپے مالیت کے کمرشل پلاٹس فروخت ہو چکے ہیں۔دوسرے روز مری روڈ پر واقع ایگرو فارم نمبر 18، 1 ارب 21 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ ایگرو فارم نمبر 17 اے، 96 کروڑ 60 لاکھ روپے میں نیلام ہوا۔ اس کے علاوہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی مختلف دکانیں بھی کروڑوں روپے میں فروخت کی گئیں۔سی ڈی اے کے مطابق نیلامی کے دوسرے روز مجموعی طور پر 2 ارب 63 کروڑ 19 لاکھ 86 ہزار روپے مالیت کے پلاٹس فروخت ہوئے، جبکہ پہلے روز 13 ارب 80 کروڑ 68 لاکھ 70 ہزار روپے کے پلاٹس نیلام کیے گئے تھے۔کمرشل پلاٹس کی یہ نیلامی 6 اگست تک جناح کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔