سی سی پی نے بی پی کے کیسٹرول کاروبار کی خریداری منظور کر لی
کراچی( کامرس ڈیسک) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے بی پی کے عالمی کیسٹرول لبریکنٹس کاروبار کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔سی سی پی کے مطابق ابتدائی جائزے کے بعد موشن جے ویکو لمیٹڈ کو بی پی کے عالمی کیسٹرول لبریکنٹس بزنس کی خریداری کی اجازت دی گئی۔کمپیٹیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عالمی سطح کے ایسے انضمام اور حصول کے معاہدے بھی پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کی موجودگی کی صورت میں سی سی پی کی منظوری کے پابند ہوتے ہیں۔سی سی پی کے مطابق اس معاہدے سے پاکستان کی لبریکنٹس مارکیٹ میں مسابقت متاثر نہیں ہوگی اور کسی بھی ادارے کی اجارہ داری قائم یا مضبوط ہونے کا امکان نہیں۔کمیشن نے بتایا کہ اسٹون پیک پارٹنرز اور کینیڈا پنشن پلان انویسٹمنٹ بورڈ پاکستان کی لبریکنٹس مارکیٹ میں پہلے سے فعال نہیں ہیں۔سی سی پی کے مطابق مرجر ریویو کا عمل سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری تنظیم نو اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے۔