کینیڈا کی وزیر خارجہ پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر آئیں گی
اسلام آباد( اباسین خبر)دفتر خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اپنے پہلے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی۔ترجمان کے مطابق وزارتِ خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد انیتا آنند کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہوگا، جس کے دوران ان کی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دوطرفہ ملاقات اور مذاکرات ہوں گے۔مذاکرات میں پاکستان اور کینیڈا کے باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان نے بتایا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی نے مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔