مستونگ حملہ ہوا تو جائیداد مالکان سہولت کار تصور ہوں گے، بگٹی

مستونگ حملہ ہوا تو جائیداد مالکان سہولت کار تصور ہوں گے، بگٹی

Aug 29, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مستونگ میں انگور کے باغات سے صوبائی وزیر داخلہ یا سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ ہوا تو متعلقہ اراضی مالکان کو صرف جائیداد کا مالک سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں حملہ آوروں کا سہولت کار تصور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحت تحصیلداروں کی بھرتیوں سے متعلق شکایات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی رپورٹ عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری نظام کو زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی خدمات، شفافیت اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں بلوچستان پولیس کی ڈیجیٹل سہولیات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس کی نئی اور جدید بنائی گئی موبائل ایپلی کیشنز شہریوں کو فوجداری نظامِ انصاف کے ساتھ ساتھ روزمرہ شکایات کے حل میں بھی سہولت فراہم کریں گی۔ خواتین اور شہدا کے خاندانوں کے لیے تیار کی گئی ڈیجیٹل سہولیات سے عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان اور دیگر افسران موجود تھے۔تقریب سے قبل آئی جی پولیس محمد طاہر خان نے وزیراعلیٰ کو پولیس کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی 16 موبائل ایپلی کیشنز کے بارے میں بریفنگ دی۔ ان میں 8 سابقہ ایپس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے جبکہ 8 نئی ایپس بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے پولیس، آئی ٹی ٹیم اور منصوبے پر کام کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل نظام عام شہریوں کے مسائل کے حل اور بہتر حکمرانی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز احسن اسد علوی کی بلوچستان کے لیے خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کا تبادلہ ہوچکا ہے، تاہم صوبے کے عوام کے لیے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے لیے متعارف کرائی گئی ڈیجیٹل سہولت ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔