بلی ایلش کا فلمی سفر شروع، ’دی بیل جار‘ میں نیا روپ

بلی ایلش کا فلمی سفر شروع، ’دی بیل جار‘ میں نیا روپ

Aug 6, 2026|ویب ڈیسک

نیو یارک( شوبز ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے موسیقی کے میدان میں کامیابیوں کے بعد اب اداکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ ان کی پہلی فلم "دی بیل جار" کی شوٹنگ کے دوران تصاویر سامنے آ گئی ہیں، جن میں وہ اپنے روایتی انداز سے بالکل مختلف نظر آ رہی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بلی ایلش مشہور شاعرہ اور ناول نگار سلویا پلاتھ کے 1963 میں شائع ہونے والے معروف ناول "دی بیل جار" پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ایسٹر گرین ووڈ ادا کر رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں بلی ایلش کا نیا انداز مداحوں کے لیے حیران کن ثابت ہوا۔ انہوں نے سرخی مائل بھورے بال، سرخ لپ اسٹک اور 1950 کی دہائی سے متاثر کلاسک لباس زیب تن کیا ہوا ہے، جس کے باعث انہیں پہچاننا بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔فلم کی ہدایت کاری کینیڈین ہدایت کارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ مصنفہ سارہ پولی کر رہی ہیں، جبکہ فلم کی شوٹنگ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جاری ہے۔"دی بیل جار" امریکی ادب کے اہم ناولز میں شمار ہوتا ہے، جس میں ایک نوجوان خاتون کی ذہنی اور جذباتی مشکلات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ فلم میں بلی ایلش کا کردار بھی ایک پیچیدہ شخصیت کے گرد گھومتا ہے، جسے ان کے کیریئر کا منفرد اور مشکل کردار قرار دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ بلی ایلش موسیقی کی دنیا میں کئی کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں۔ وہ متعدد گریمی ایوارڈز اور آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں، جبکہ جیمز بانڈ فلم "نو ٹائم ٹو ڈائی" کے لیے گایا گیا ان کا گیت بھی آسکر ایوارڈ حاصل کر چکا ہے۔ اب مداح ان کی اداکاری کے میدان میں صلاحیتوں کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔