بلوچستان میں پولیس شہداء کے معاوضے بڑھانے کی تجویز

بلوچستان میں پولیس شہداء کے معاوضے بڑھانے کی تجویز

Jul 18, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ (اباسین خبر) بلوچستان حکومت نے پولیس شہداء کے مالی معاوضے اور پلاٹ یا اراضی کے بدلے نقد ادائیگی کی مقررہ شرح میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس حوالے سے متعلقہ محکموں سے منظوری کے لیے سمری طلب کر لی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمری میں گریڈ ایک سے 16 تک کے پولیس شہداء کے لواحقین کے لیے نقد معاوضہ ایک کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اس کے علاوہ کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے لیے پلاٹ کے بدلے نقد ادائیگی 11 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مؤقف ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کے اہل خانہ کی مالی کفالت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔