بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن کے دشمنوں کو مسترد کیا : سر فراز بگٹی
کو ئٹہ( اباسین خبر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ 4 خوارج کا ہلاک ہونا دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر خوارج کے ٹھکانے کا سراغ لگایا، مؤثر فضائی نگرانی کی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے درست کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کو کاری ضرب لگائی۔انہوں نے کہا کہ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے اور بے گناہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ریاستی ادارے پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن کے دشمنوں کو مسترد کیا ہے اور وہ اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔