بلوچستان کی ترقی، تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے: سر فراز بگٹی
کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ سمیت مختلف شخصیات اور قبائلی رہنماؤں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور، اعلیٰ تعلیم اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور گورننس کو مؤثر بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی نمائندوں، قبائلی عمائدین، ماہرین تعلیم اور معاشرے کے مختلف طبقات کی تجاویز کو اہمیت دی جاتی ہے۔ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بہتری کے لیے مربوط اقدامات کررہی ہے، جبکہ صوبے کے دور دراز علاقوں کو بھی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اجتماعی مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔