بلوچستان میں موسم سرما کے دفتری اوقات تبدیل، ہفتہ وار 2 چھٹیاں مقرر

بلوچستان میں موسم سرما کے دفتری اوقات تبدیل، ہفتہ وار 2 چھٹیاں مقرر

Oct 6, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) حکومت بلوچستان نے موسم سرما کے دوران سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کردیئے ہیں، جن کا اطلاق 15 اکتوبر 2026 سے 14 اپریل 2027 تک ہوگا۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے اعلامیے کے مطابق پیر سے جمعرات تک سرکاری دفاتر صبح ساڑھے 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ نماز اور دوپہر کے کھانے کے لیے ایک بج کر 30 منٹ سے 2 بجے تک وقفہ ہوگا۔جمعہ کے روز دفاتر صبح ساڑھے 8 بجے سے سہ پہر ساڑھے 3 بجے تک کام کریں گے، جبکہ نماز جمعہ اور دوپہر کے کھانے کے لیے ایک بج کر 15 منٹ سے 2 بج کر 15 منٹ تک وقفہ رکھا گیا ہے۔نئے شیڈول کے تحت ہفتہ اور اتوار کو سرکاری دفاتر بند رہیں گے، جس کے باعث ہفتے میں دو تعطیلات ہوں گی۔ذرائع کے مطابق نئے اوقات کار کا اطلاق اسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر نہیں ہوگا، جبکہ یونیورسٹیوں، کالجز اور اسکول بھی اس شیڈول سے مستثنیٰ ہوں گے۔محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے منسلک دفاتر چھ روزہ بنیاد پر کام کریں گے۔ ان دفاتر میں پیر سے جمعرات اور ہفتہ کو صبح ساڑھے 8 بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک جبکہ جمعہ کو صبح ساڑھے 8 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک دفتری امور انجام دیے جائیں گے۔حکومت بلوچستان کے مطابق نئے دفتری اوقات کا مقصد موسم سرما کے دوران سرکاری دفاتر کے معمولات کو موسمی حالات کے مطابق ترتیب دینا ہے۔