ریکوڈک قافلے پر حملہ ناکام، 11 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ( اباسین خبر) چاغی کے علاقے نوکچاہ میں ریکوڈک منصوبے کی خالی گاڑیوں کو چاغی سے کوئٹہ منتقل کرنے والے قافلے پر دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 11 حملہ آور ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، جبکہ 2 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کے مطابق پیر کو ریکوڈک منصوبے سے منسلک خالی گاڑیوں کا قافلہ چاغی سے کوئٹہ کی جانب جارہا تھا کہ نوکچاہ کے مقام پر مسلح دہشت گردوں نے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی۔ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے کافی دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 11 حملہ آور ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد نوکچاہ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا، جبکہ علاقے میں آمدورفت اور سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی مزید سخت کردی گئی ہے۔