کامن ویلتھ گیمز کا رنگا رنگ آغاز، ارشد ندیم نے پاکستانی دستے کی قیادت کی
گلاسگو( سپورٹس ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز 2026 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب گلاسگو میں منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے شریک ممالک کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ پاکستانی وقت کے مطابق رات بارہ بجے شروع ہونے والی تقریب میں برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس، ملکہ کامیلا اور برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنہم بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان سمیت 74 ممالک کے 3 ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جبکہ افتتاحی تقریب میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے مارچ پاسٹ کے دوران پاکستانی دستے کی قیادت کی۔پاکستان کے 21 ایتھلیٹس چھ مختلف کھیلوں، جن میں ایتھلیٹکس، سوئمنگ، جوڈو، جمناسٹکس، لان بال اور دیگر مقابلے شامل ہیں، میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ گزشتہ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے دو طلائی، تین چاندی اور دو کانسی کے تمغے اپنے نام کیے تھے۔پاکستانی وفد کے چیف ڈی مشن میجر جنرل عادل رحمانی نے چیف ڈی مشنز کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں منتظمین نے افتتاحی تقریب اور ایونٹ کے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔گلاسگو میں موجود پاکستانی حکام نے مختلف اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔ رکن قومی اسمبلی علی زاہد کی قیادت میں ہونے والی کامن ویلتھ سپورٹس منسٹرز میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاور حسین، کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل خالد محمود اور برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کی کونسلر نائلہ اسرار بھی شریک ہوئیں۔اجلاس کے دوران علی زاہد نے کامن ویلتھ کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔پاکستانی وفد نے مختلف ممالک کے وزراء، سفارت کاروں اور کامن ویلتھ سپورٹس موومنٹ کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں کھیلوں کے شعبے میں تعاون، جاری منصوبوں اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ کامن ویلتھ ممالک میں کھیلوں کے فروغ کو مزید تقویت دی جا سکے۔واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز 2 اگست 2026 تک جاری رہیں گی۔