13 سال پی ٹی وی کے باہر انتظار کرتا رہا: عارف لوہار

13 سال پی ٹی وی کے باہر انتظار کرتا رہا: عارف لوہار

Aug 1, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ فوک گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ انہیں فنی سفر کے آغاز میں طویل جدوجہد کرنا پڑی اور وہ 13 برس تک پی ٹی وی کے دروازے پر موقع کے انتظار میں کھڑے رہے۔ عارف لوہار نے کہا کہ اتنے بڑے فنکار کے بیٹے ہونے کے باوجود انہیں کسی قسم کی آسانی نہیں ملی، بلکہ انہوں نے اپنی صلاحیت اور محنت کے بل پر مقام حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کی نئی نسل کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ مواقع میسر ہیں، جبکہ اپنے بچپن میں بطور چائلڈ اسٹار انہیں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ چمٹا اور ’’جگنی‘‘ آج بھی دنیا بھر میں ان کی پہچان ہیں۔عارف لوہار نے کہا کہ ان کی موسیقی پاکستانیت اور وطن سے محبت کے جذبات کی عکاس ہے، جبکہ نئی نسل میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے۔کراچی آمد پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی برس بعد شہر آ کر خوشی ہوئی، یہاں کے دوستوں سے ملاقات ہوئی اور برنس روڈ کے کھانے آج بھی انہیں بے حد پسند ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عارف لوہار نے بتایا کہ ان کے 150 میوزک البمز ریلیز ہو چکے ہیں۔ ان کے بچے بھی شوقیہ گلوکاری کرتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی گائیکی میں ہمیشہ وطن کی محبت اور مٹی کی خوشبو نمایاں رہتی ہے۔پاکستانی فلم انڈسٹری کے حوالے سے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملکی فلموں کا سنہری دور دوبارہ لوٹنے والا ہے۔ ان کے بقول حکومت کی سرپرستی سے فلمی صنعت کو فروغ مل رہا ہے، جبکہ ملک اور بیرون ملک موسیقی کے کنسرٹس میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔