آرامکو کی ایشیائی ریفائنریوں کو ہرمز کے باہر سے تیل فراہم کرنے کی پیشکش

آرامکو کی ایشیائی ریفائنریوں کو ہرمز کے باہر سے تیل فراہم کرنے کی پیشکش

Aug 19, 2026|ویب ڈیسک

 جدہ ( کامرس ڈیسک)سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور بحری آمدورفت میں رکاوٹ کے باعث بعض ایشیائی ریفائنریوں کو ہرمز سے باہر کے راستے خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آرامکو بعض خریداروں سے خفیہ مذاکرات کررہی ہے، جن میں عرب میڈیم اور عرب ہیوی خام تیل متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے قریب سمندر میں جہاز سے جہاز منتقلی کے ذریعے فراہم کرنے کی تجویز شامل ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ تیل ستمبر میں لوڈ کیا جائے گا، جس کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر ایشیائی خریداروں تک خام تیل پہنچانا ہے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد شپنگ کمپنیاں اس راستے سے اپنے جہاز بھیجنے سے گریز کررہی ہیں۔آرامکو نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ کمپنی پہلے ہی عرب لائٹ خام تیل کی بعض برآمدات بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع منتقل کرچکی ہے، جبکہ مصر کی بحیرہ روم کی بندرگاہ سیدی کریر سے بھی تیل کی فراہمی کی پیشکش کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں جاری رکاوٹوں کے باعث بھارت سمیت اہم ایشیائی منڈیوں میں آرامکو کے تیل کی فروخت متاثر ہوئی ہے۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے خلیج کے اندر سے خام تیل ہرمز سے باہر منتقل کرکے اپنی برآمدات جاری رکھی ہوئی ہیں۔