اے آر رحمان کے بیٹے امین کی کار حادثے کا شکار، معمولی چوٹیں
نئی دہلی( شوبز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کے بیٹے اے آر امین کی گاڑی کو چنئی میں حادثہ پیش آیا، تاہم وہ خیریت سے ہیں اور انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔اے آر امین کی بہن خدیجہ رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مداحوں کی تشویش اور نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ امین اللہ کے فضل سے بالکل محفوظ ہیں۔خدیجہ رحمان کے مطابق حادثہ صبح تقریباً ساڑھے 3 بجے پیش آیا، جب امین اپنے دوست کے ہمراہ ہوائی اڈے جارہے تھے۔ ان کا دوست گاڑی چلا رہا تھا جبکہ امین اگلی نشست پر موجود تھے کہ راستے میں ایک دوسری گاڑی سے معمولی تصادم ہوگیا۔انہوں نے واضح کیا کہ حادثے سے متعلق بعض غیر مصدقہ اطلاعات گردش کررہی تھیں، اس لیے وہ واقعے کی اصل صورتحال بیان کرنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق دوسری گاڑی کے ڈرائیور نے سرخ اشارے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گاڑی آگے بڑھائی، جس کے باعث تصادم ہوا۔پولیس کے مطابق حادثے میں امین اور ان کے دوست کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے کاویری اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاج کے بعد دونوں کو اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔