الیکشن کمیشن سے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنے کی درخواست دائر

1 گھنٹے قبل
الیکشن کمیشن سے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنے کی درخواست دائر

لاہور ( شوبز ڈیسک) رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے اثاثوں اور انتخابی ریکارڈ کے حصول کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔یہ درخواست میاں آصف محمود ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رکن اسمبلی کے کاغذات نامزدگی اور اثاثوں کی تصدیق شدہ نقول فراہم کی جائیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس نااہلی کی درخواست پہلے ہی زیر سماعت ہے، اس لیے ان کے انتخابی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ ضروری ہے تاکہ ان کی رکنیت سے متعلق صورتحال واضح ہو سکے۔درخواست گزار کے مطابق رکن اسمبلی پر ایک خاتون کو مبینہ طور پر قیمتی گاڑیاں، مہنگے تحائف اور جائیداد منتقل کرنے کے الزامات بھی عائد ہیں، جن کی شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ منتخب نمائندوں کے اثاثوں اور آمدن کا قانونی اور عوامی سطح پر جائزہ لینا اہم ہے، کیونکہ وہ اپنے مالی گوشوارے ظاہر کرنے کے پابند ہوتے ہیں۔درخواست میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ ثاقب چدھڑ، ان کی اہلیہ اور زیر کفالت افراد کے تمام پرانے اور موجودہ اثاثوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا جائے۔