افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی کارروائیاں تیز، متعدد حملوں کے دعوے

افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی کارروائیاں تیز، متعدد حملوں کے دعوے

Oct 7, 2026|ویب ڈیسک

کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروہوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں تیزی آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ اور نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے طالبان سے وابستہ اہلکاروں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کے دعوے کیے ہیں۔افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق قندھار کے ضلع خاکریز میں کارروائی کے دوران طالبان کے امر بالمعروف کے اہلکار عبدالرحمان کو ہلاک کردیا گیا۔گروپ کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ اہلکار شہریوں پر تشدد، غیرقانونی گرفتاریوں، جھوٹے الزامات اور مارپیٹ میں ملوث تھا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق نہیں ہوسکی۔دوسری جانب نیشنل موبلائزیشن فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ جلال آباد میں ننگرہار مرکزی جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کو منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا۔مقامی رپورٹس کے مطابق طالبان پولیس حکام نے بھی جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، تاہم حملے میں ملوث افراد کی شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔نیشنل موبلائزیشن فرنٹ کا کہنا ہے کہ طالبان، داعش اور ٹی ٹی پی کے خلاف اس کی گوریلا کارروائیاں جاری رہیں گی۔افغانستان میں طالبان مخالف گروہوں کی جانب سے حالیہ ہفتوں کے دوران مختلف صوبوں میں متعدد حملوں کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔