این ہیتھوے دنیا کی خوبصورت ترین اداکارہ قرار، فلمی سفر میں ایک اور بڑا اعزاز

1 گھنٹے قبل
این ہیتھوے دنیا کی خوبصورت ترین اداکارہ قرار، فلمی سفر میں ایک اور بڑا اعزاز

نیو یارک( شوبز ڈیسک)امریکی فلم و ٹیلی وژن کی معروف اداکارہ این ہیتھوے کو پیپل میگزین نے سال 2026 کی دنیا کی خوبصورت ترین اداکارہ قرار دے دیا، جو ان کے طویل فلمی کیریئر کا ایک اور نمایاں اعزاز ہے۔دلکش سرورق تصویر میں اداکارہ چاندی کی کڑھائی سے مزین دیدہ زیب لباس میں جلوہ گر ہوئیں، جبکہ انہوں نے اپنے یادگار کرداروں، ساتھی فنکاروں کے ساتھ کام کے تجربات اور فلمی صنعت میں بدلتے ہوئے معیار پر بھی کھل کر اظہار خیال کیا۔اپنی شہرہ آفاق فلم دی ڈیول ویئرز پرادا کا ذکر کرتے ہوئے 44 سالہ اداکارہ نے کہا کہ شدید دباؤ کے باوجود یہ فلم آج بھی ان کے لیے ناقابل فراموش تجربہ ہے۔انہوں نے اپنے ساتھی فنکاروں کو سراہتے ہوئے ایملی بلنٹ کو شاندار شخصیت قرار دیا، اسٹینلے ٹوچی کو بے حد مزاحیہ اور حاضر جواب کہا، جبکہ میریل اسٹریپ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ نہایت قابل احترام اور قابل تعریف شخصیت ہیں۔واضح رہے کہ مذکورہ فلم کا اگلا حصہ یکم مئی کو پیش کیا جائے گا۔این ہیتھوے کو ماضی میں متعدد بڑے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے جن میں اکیڈمی ایوارڈ، بافٹا، گولڈن گلوب اور پرائم ٹائم ایمی ایوارڈ شامل ہیں، جبکہ ان کی فلموں نے دنیا بھر میں اربوں ڈالر کا کاروبار کیا ہے اور وہ 2015 میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں بھی شامل رہیں۔