ممبئی( شو بز ڈیسک) شہرۂ آفاق فلم کھل نائیک کی کامیابی کے تیس برس مکمل ہونے پر معروف بالی وڈ اداکار سنجے دت نے اپنے مقبول کردار بلو کو دوبارہ پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اداکار کا کہنا ہے کہ نیا منصوبہ اصل فلم کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اسے نئے اور عصری انداز میں ناظرین کے سامنے لائے گا۔سنجے دت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی پہلی جھلک جاری کی، جس میں وہ سخت اور پُرجوش انداز میں دکھائی دیے۔ انہوں نے اپنی تحریر میں کہا کہ ہر کہانی کا ایک وقت ہوتا ہے اور اب اس کہانی کی واپسی کا وقت آ گیا ہے۔اداکار کے مطابق یہ خیال انہیں قید کے دوران آیا، جب انہوں نے دیگر قیدیوں سے دریافت کیا کہ کیا وہ اس کہانی کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ تقریباً چار ہزار قیدیوں نے مثبت جواب دیا اور اپنی رائے تحریری صورت میں پیش کی۔بعد ازاں سنجے دت نے یہ تصور فلم کے اصل ہدایت کار سبھاش گھئی کے ساتھ شیئر کیا، جنہوں نے اسے اداکار کے اندرونی جذبے کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھل نائیک تفریحی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔واضح رہے کہ انیس سو ترانوے میں پیش کی جانے والی اس فلم میں سنجے دت کے ساتھ جیکی شروف اور مادھوری ڈکشٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، اور یہ فلم نوے کی دہائی کی نمایاں اور اثر انگیز تخلیقات میں شمار ہوتی ہے۔
تین دہائیوں بعد سنجے دت کا کھل نائیک کے کردار بلو کی واپسی کا اعلان
6 گھنٹے قبل