تنازع کے بعد سمے رائنا مالی بحران کا شکار، دیوالیہ ہونے کا خوف ظاہر کردیا

2 گھنٹے قبل
تنازع کے بعد سمے رائنا مالی بحران کا شکار، دیوالیہ ہونے کا خوف ظاہر کردیا

ممبئی( شوبز ڈیسک)معروف کامیڈین سمے رائنا نے انکشاف کیا ہے کہ انڈیاز گاٹ لیٹنٹ تنازع کے بعد وہ شدید مالی بحران میں گھر گئے تھے اور انہیں اندیشہ لاحق تھا کہ کہیں وہ امیتابھ بچن کی طرح دیوالیہ نہ ہو جائیں۔ایک پوڈکاسٹ گفتگو کے دوران سمے رائنا نے بتایا کہ تنازع کے نتیجے میں انہیں بڑے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اسپانسرز نے ساتھ چھوڑ دیا، اشتہاری معاہدے منسوخ ہو گئے اور انہیں اپنی جمع پونجی سے رقم نکال کر ادائیگیاں کرنا پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ تھا کہ کوئی بھی ادارہ ان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہوگا اور وہ قرض کے بوجھ تلے دب سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سب سے بڑا خوف یہی تھا کہ حالات بگڑنے کی صورت میں وہ بھی امیتابھ بچن کی طرح مالی مشکلات میں پھنس سکتے ہیں، جنہیں ماضی میں اپنی کمپنی کے ناکام ہونے پر بھاری قرض کا سامنا کرنا پڑا تھا۔یاد رہے کہ انڈیاز گاٹ لیٹنٹ تنازع فروری 2025 میں اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب پروگرام میں کیے گئے ایک متنازعہ مذاق پر شدید ردعمل سامنے آیا اور مقدمات درج کیے گئے۔ بعد ازاں سمے رائنا کو پروگرام انٹرنیٹ سے ہٹانا پڑا جبکہ رنویر الہ آبادیہ نے اس معاملے پر معذرت بھی کی۔