عامر خان نے گوری سپراٹ سے سادہ تقریب میں تیسری شادی کر لی
ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے نامور اداکار عامر خان نے اپنی دیرینہ ساتھی گوری سپراٹ کے ساتھ ایک نجی اور سادہ تقریب میں ازدواجی زندگی کا آغاز کر دیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ تقریب اتوار کے روز ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جہاں دونوں نے خصوصی شادی قانون کے تحت اپنی شادی باقاعدہ طور پر رجسٹر کروائی۔ اس موقع پر صرف قریبی اہلِ خانہ اور چند عزیز دوست شریک ہوئے۔تقریب میں عامر خان کے بچوں جنید، آئرہ اور آزاد سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔اطلاعات کے مطابق عامر خان اور گوری سپراٹ ایک دوسرے کو تقریباً پچیس برس سے جانتے تھے، تاہم دو ہزار چوبیس میں دوبارہ رابطہ ہونے کے بعد دونوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے اور بات شادی تک جا پہنچی۔عامر خان نے مارچ دو ہزار پچیس میں اپنی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ گوری سپراٹ کو عوام کے سامنے اپنی شریکِ حیات بننے والی ساتھی کے طور پر متعارف کرایا تھا۔یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ اس سے پہلے وہ رینا دتا اور بعد ازاں فلم ساز کرن راؤ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک رہ چکے ہیں۔