عامر خان نے معین اختر کے ’لوز ٹاک‘ کی اقساط مانگیں: ثروت گیلانی
کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی اداکار عامر خان نے لیجنڈری فنکار معین اختر کے معروف ٹی وی پروگرام ’لوز ٹاک‘ کی مکمل اقساط ان سے مانگی تھیں۔ثروت گیلانی نے بتایا کہ ویب سیریز ’چڑیلز‘ کی بیرون ملک ریلیز کے بعد ان کا کئی بھارتی شخصیات سے رابطہ ہوا۔ اسی دوران عامر خان سے بھی رابطہ ہوا کیونکہ وہ ان کی پروڈکشن ٹیم کے ایک رکن کو جانتی تھیں۔اداکارہ کے مطابق عامر خان کی ٹیم نے جب ان سے رابطہ کیا تو انہیں لگا کہ شاید کسی ہندی فلم میں کام کی پیشکش کی جارہی ہے۔ انہوں نے سوچا کہ شاید اب وہ عامر خان کی کسی فلم میں نظر آئیں گی، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ عامر خان کی دلچسپی کسی فلمی کردار کے بجائے معین اختر کے پروگرام ’لوز ٹاک‘ میں تھی۔انہوں نے بتایا کہ عامر خان نے ان سے پروگرام کی مکمل اقساط فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ثروت گیلانی کے مطابق عامر خان نے معین اختر کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ایسا فنکار کبھی نہیں دیکھا جو مختلف حلیوں اور کرداروں کو اس قدر مہارت سے نبھا سکے۔