بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 24 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر
پشاور( اباسین خبر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران 24 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق بنوں میں حالیہ خودکش حملے کے بعد ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی تھیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر فائرنگ کے تبادلوں میں 24 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور شہریوں پر حملوں میں مطلوب تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بنوں میں خودکش حملے کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز بدستور جاری رہیں گے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں عزم و استحکام کے تحت پوری قوت سے جاری رہیں گی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی۔صدر نے مزید کہا کہ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، جبکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان قوم کا فخر ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بنوں آپریشن کی کامیابی ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کی عکاس ہے۔