فیسکو کی نجکاری میں 12 ملکی و غیر ملکی گروپس کی دلچسپی

فیسکو کی نجکاری میں 12 ملکی و غیر ملکی گروپس کی دلچسپی

Aug 8, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے عمل میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، نجکاری کمیشن کو کمپنی کے حصص خریدنے کے لیے مجموعی طور پر 12 اظہارِ دلچسپی موصول ہوئے ہیں۔نجکاری کمیشن کے مطابق سرمایہ کاروں نے فیسکو کے 51 سے 100 فیصد حصص حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ موصول ہونے والے اظہارِ دلچسپی میں ترکیہ کے 3 اور چین کے ایک سرمایہ کار کے علاوہ 8 پاکستانی کاروباری گروپس شامل ہیں۔مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ فیسکو کی نجکاری میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی ایک اہم پیش رفت ہے۔کمیشن کے مطابق پری کوالیفکیشن مرحلے میں موصول ہونے والے اظہارِ دلچسپی اور اہلیت سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد اہل قرار پانے والے سرمایہ کاروں کو نجکاری کے اگلے مرحلے میں شامل کر کے ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی دی جائے گی۔نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ فیسکو کی نجکاری کا مقصد کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانا، بجلی کی تقسیم کے نظام کو مضبوط کرنا، لائن لاسز کم کرنا اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام سے توانائی کے شعبے کو مالی طور پر زیادہ مستحکم بنانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔اعلامیے کے مطابق فیسکو، گیپکو اور آئیسکو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔ گیپکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست جبکہ آئیسکو کے لیے 7 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ نجکاری کمیشن نے شفاف، کھلے اور مسابقتی طریقہ کار کے تحت عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔