خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 12 افراد جاں بحق، متعدد گھر متاثر
پشاور( اباسین خبر)خیبرپختونخوا میں مسلسل بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔ شدید بارشوں سے متعدد رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے متعدد واقعات پیش آئے۔رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 8 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور کرم شامل ہیں، جہاں مختلف نوعیت کے حادثات رپورٹ ہوئے۔شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 14 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں ایک گھر مکمل طور پر منہدم جبکہ 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے اور ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔حکام کے مطابق صوبے کے بڑے دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے 25 جولائی تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، حساس سیاحتی مقامات پر نہ جانے، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب احتیاط برتنے اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔دریں اثنا مردان کی تحصیل تخت بھائی کے علاقے سعید آباد، مسکین آباد میں ایک کمرے کی چھت گرنے سے تین بچے زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔