گیپکو کی نجکاری، 11 ملکی و غیر ملکی گروپس کی دلچسپی
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)گیپکو کی نجکاری کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ نجکاری کمیشن کو مجموعی طور پر 11 ممکنہ سرمایہ کاروں اور کاروباری گروپس کی جانب سے اظہارِ دلچسپی موصول ہوا ہے۔ترکیہ کی 3، سعودی عرب کی ایک اور پاکستان کی 7 کمپنیوں نے گیپکو کی نجکاری کے عمل میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ امیدواروں میں کے الیکٹرک، اینگرو انرجی، سیفائر فائبرز، حب پاور ہولڈنگز، لکی سیمنٹ، شیرازی انویسٹمنٹ، آرٹسٹک ملنرز، فاطمہ گروپ، اے کے ڈی سیکیورٹیز، فاسٹ کیبل اور مغل اسٹیل گروپ شامل ہیں۔نجکاری کمیشن کے مطابق گیپکو میں انتظامی اختیار کے ساتھ 51 سے 100 فیصد حصص فروخت کیے جائیں گے۔ اظہارِ دلچسپی جمع کرانے والی کمپنیوں اور اتحادوں کی پہلے اہلیت کے مقررہ معیار پر جانچ کی جائے گی، جبکہ اہل قرار پانے والے سرمایہ کاروں کو نجکاری کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔گیپکو کے علاوہ فیسکو اور آئیسکو بھی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔ مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ گیپکو کے لیے سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی بجلی کی تقسیم کے شعبے میں موجود امکانات اور حکومت کے شفاف و مسابقتی نجکاری عمل پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔