کراچی( سپورٹس ڈیسک) سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور محنت کی تھی لیکن بدقسمتی سے نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔انہوں نے کہا کہ تمام ٹیمیں جیتنے کے لئے کھیلتی ہیں اور پاکستانی ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ بھی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد نے امید ظاہر کی کہ نیوزی لینڈ میں ہونے والے میچز میں نتائج ہمارے حق میں آئیں گے، کیونکہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشن ہمیشہ چیلنجنگ رہی ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا یہ اچھا فیصلہ ہے کہ نئی ٹیم نیوزی لینڈ لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، لیکن سابق کرکٹرز، مینجمنٹ اور کوچز بھی جانتے ہیں کہ کوئی ٹیم ہارنے کے لئے نہیں کھیلتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب کھلاڑیوں پر تنقید کی جائے تو بیلنس رکھ کر بات کی جائے۔سرفراز احمد نے مزید کہا کہ جو لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر تنقید کرتے ہیں، وہ خود اس مرحلے سے گزر چکے ہیں۔ کھیلتے وقت اور بعد میں رویہ مختلف ہوتا ہے۔ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہیں اور ہمیں سب کو مل کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔چمپئنز ٹرافی کے فائنل کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ اس میں دو بہترین ٹیمیں آمنے سامنے ہیں اور فائنل میں بھارت کو دبئی میں رہنے کا ایڈوانٹج ہوگا۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے کہا کہ آپ نے ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کیا ہے اور اب بھی ٹیم کے ساتھ کھڑے رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ آنے والا وقت پاکستان کرکٹ کے لئے اچھا ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم نے محنت کی نتائج حق میں نہیں آئے: سرفراز احمد
7