نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک)سلامتی کونسل میں یوکرین پر امریکی قرارداد منظور کر لی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں پیر کو یوکرین، یورپی یونین کی مشترکہ قرارداد اور امریکا کی علیحدہ قرارداد پر ووٹنگ ہوئی۔ یوکرین اور یورپی یونین کی قرارداد میں روسی افواج کی فوری واپسی اور یوکرین کی علاقائی سلامتی کی حمایت کی گئی۔یوکرین جنگ کے تیسرے سال پر پیش کی جانے والی اس قرارداد میں روسی حملے کا ذکر کرتے ہوئے افواج کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔ امریکا کی شدید مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ نے یوکرین کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی۔ 93 ملکوں نے اس کے حق میں ووٹ دیا جبکہ روس، بیلاروس، شمالی کوریا، سوڈان اور امریکا نے مخالفت کی۔اس کے بعد امریکا کی الگ قرارداد پر سلامتی کونسل میں ووٹنگ ہوئی جس میں فوری تنازعہ کے خاتمے اور یوکرین روس کے درمیان دیرپا امن قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔ قرارداد میں روس کو جارح نہیں بلکہ یوکرین روس تنازعہ قرار دیا گیا اور دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔روس نے امریکی قرارداد میں ترامیم کی یورپی کوشش کو ویٹو کیا جس کے بعد سلامتی کونسل نے امریکی قرارداد کو منظور کر لیا۔ اس قرارداد کے حق میں امریکا، روس، چین اور پاکستان سمیت 10 ممالک نے ووٹ دیا۔ فرانس اور برطانیہ سمیت 5 ارکان غیرحاضر رہے۔پاکستانی سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان نے قرارداد کی حمایت اس لیے کی کیونکہ امن مشترکہ مقصد ہے اور اقوام متحدہ کے اصولوں کا اطلاق دوہرے معیار کے بغیر ہونا چاہیے۔
سلامتی کونسل میں یوکرین سے متعلق امریکی قرارداد منظور
2