اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا کام تجارت کرنا نہیں ہے، بلکہ نجی شعبے کی مکمل معاونت فراہم کرنا ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تحت انشور امپیکٹ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنے اور بہتر پالیسی فریم ورک دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ حوصلہ افزا ملاقات کا ذکر کیا اور کہا کہ 12 ماہ میں میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے۔ آئی ایم ایف نے اسٹرکچرل اصلاحات کی تعریف کی ہے، اور معاشی استحکام کی تفصیلات سب کو معلوم ہیں۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ اگر پاکستان انشورڈ پاکستان کی جانب بڑھنا چاہتا ہے تو تیز تر اور سستی انشورنس اہم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے بعد اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔ انشورڈ پاکستان کے لیے بحث جاری ہے اور اب وقت ہے کہ ہم یہ طے کریں کہ ہمیں کہاں جانا ہے۔ وزیر خزانہ نے کلائمیٹ چینج پر مباحثہ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی ضروری مسئلہ ہے جس پر اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لائف ہیلتھ جنرل انشورنس میں جدت اور ہائی ویلیو سلوشنز کی ضرورت ہے اور حکومت اور کابینہ نجی شعبے کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ اگر پبلک سیکٹر انشورنس کمپنیاں خسارے میں ہیں تو ان کی نجکاری کرکے نجی شعبے کو دے دیا جائے گا۔
تجارت کرنا حکومت کا کام نہیں، وزیرخزانہ
8