اسلام آباد( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میری اور دیگر وکلا کی ملاقات ہوئی ہے۔ خان صاحب نے پہلے بھی حکومت کو سات دن کا وقت دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر حکومت نے کمیشن کا اعلان نہ کیا تو ہمارے مذاکرات کال آف ہوں گے۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اگر کمیشن کا اعلان اسی دوران نہیں ہوتا تو ہمارے مذاکرات کے مزید رانڈ آگے نہیں چلیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کمیشن کا اعلان ابھی تک نہیں کیا، اور ہماری خواہش تھی کہ مذاکرات ہوں اور آگے چلیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کی ٹھنڈک اتنی زیادہ ہے جس سے بھرم نکل نہیں رہا۔ کمیشن بننا ہے تو تین سینئر ججز سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ سے ہونے چاہیے۔ ہم آئین اور قانون کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ آزاد عدلیہ اور 26ویں ترمیم کے خلاف کوشش کریں گے اور ساری سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد شروع کریں گے۔ خان صاحب نے کہا ہے کہ آج کے دن تک کمیشن کا اعلان ہونا تھا، مگر ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے واضح کیا کہ خان صاحب پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں کسی بیرون ملک کی مدد کا انتظار نہیں ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی اس بات پر یقین کرتی ہے۔
تحریک انصاف کا حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان
4