اسلام آباد( اباسین خبر)گرینڈ اپوزیشن الائنس نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر غور شروع کر دیا ہے جس میں ملک کے موجودہ سیاسی، معاشی، آئینی اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، اپوزیشن قیادت نے جمہوری قوتوں کو مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔ اپوزیشن اتحاد کا ایجنڈا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو بحال کرنا ہے۔کانفرنس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد جیسے وکلا، ماہرین تعلیم، کسانوں، اور سول سوسائٹی کے افراد کو مدعو کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد نہ صرف حکومت کی غفلت کے باعث ملک میں پیدا ہونے والے بحرانوں پر غور کرنا ہے، بلکہ ان بحرانوں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنا اور ملک کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا بھی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اپوزیشن اتحاد نے پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر سے ملاقات کی ہے اور اے پی سی بلانے کے معاملے پر بات چیت کی ہے۔ مزید برآں، اپوزیشن اتحاد نے مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماں سے رابطہ کیا ہے تاکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔ذرائع یہ بھی بتا رہے ہیں کہ اپوزیشن اتحاد پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کر سکتا ہے اور انہیں اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دے سکتا ہے۔ چونکہ فواد چوہدری کی پی ٹی آئی میں واپسی کا ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، وہ گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شامل ہو کر مثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
حکومت مخالف اتحاد کا فروری میں اے پی سی بلانے پر غور
3