لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لیے پنجاب پولیس نے ٹیموں کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول ہائی پروفائل میچز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے 12 ہزار 564 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ لاہور میں 7 ہزار 618 اہلکار جبکہ راولپنڈی میں 4 ہزار 535 اہلکار سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ اسپیشل برانچ کے 411 اعلی افسران بھی سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔میچز کی نگرانی اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا جائے گا اور ان کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔اسی طرح، اسٹیڈیم جانے والے تمام راستوں پر سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کا ایونٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں جاری رہے گا، جبکہ دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ ایونٹ کا میزبان پاکستان اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گا، جبکہ روایتی حریفوں کے درمیان بلاک بسٹر ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔
چیمپئینز ٹرافی؛ کتنے ہزار اہلکار سیکیورٹی کیلئے تعینات ہونگے؟
5