کراچی ( اباسین خبر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے برنس روڈ کے علاقے میں رہائشی عمارت میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف درخواست پر ایس بی سی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت ایس بی سی اے کے وکیل نے بتایا کہ غیر قانونی دکانوں کو سیل کیا گیا تھا، لیکن کچھ افراد نے خود سیل شدہ دکانیں دوبارہ کھول لیں، جس پر مقدمات کا اندراج کیا جا رہا ہے۔درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے ایس بی سی اے کو رہائشی عمارت میں کمرشل سرگرمیاں روکنے کا حکم دیا تھا، کیونکہ یہ عمارت آثار قدیمہ میں شامل ہے اور اس میں توڑ پھوڑ کے باعث عمارت کے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔عدالت نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے 2 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔
کراچی؛ برنس روڈ پر رہائشی عمارت میں کمرشل سرگرمیوں کی رپورٹ طلب
4