لاہور ( اباسین خبر)لاہور میں رواں ماہ کے آخر تک دھوئیں سے پاک 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو شمسی توانائی سے چلیں گی۔ یہ فیصلہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب میں ترقیاتی اسکیموں کے ساتویں جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلی نے پنجاب کے بڑے شہروں میں 620 ماحول دوست بسوں کو جلد چلانے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، مستحقین کو رمضان کے دوران نگہبان پیکیج کارڈز کے ذریعے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں 27 وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جس میں ٹرانسپورٹ، معدنیات، ماہی گیری، ماحولیات، جنگلات، لیبر، لایو اسٹاک، اوقاف، کموڈیٹیز مینجمنٹ اور سماجی بہبود کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے ہدایت کی کہ چھانگا مانگا کے جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور لاہور میں ماڈل فش مارکیٹ کی فزیبلٹی اسٹڈی جلد مکمل کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹھوکر لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کلائمیٹ آبزرویٹری سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فیصل آباد میں مزدوروں کی صحت و سلامتی کے لیے لیبارٹری قائم کی جائے اور پنجاب بھر میں خواتین کے لیے ہاسٹلز اور ڈے کیئر سینٹرز کا قیام مکمل کیا جائے۔ سینیئر وزیر نے جنوبی پنجاب میں موبائل ویٹرنری سروسز کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔
لاہور میں رواں ماہ دھوئیں سے پاک 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ
2