لاہور( اباسین خبر)چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم گمشدہ بچوں کے والدین اور لواحقین کی تلاش مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد کی ہدایت پر صوبے بھر میں بیورو کے ذیلی سنٹرز، پولیس، ایدھی فانڈیشن اور میڈیا کی مدد سے ان بچوں کے لواحقین کی تلاش جاری ہے۔سارہ احمد نے بتایا کہ بیورو میں اس وقت 121 بچے مقیم ہیں، جن میں 65 لڑکیاں اور 56 لڑکے شامل ہیں، جن کی عمریں چند سال سے لے کر 16 سال تک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گمشدہ بچوں کے والدین یا رشتہ داروں کی تلاش فوری طور پر شروع کردی جاتی ہے جب انہیں ریسکیو کیا جاتا ہے، مگر بچوں کی جانب سے فراہم کردہ فون نمبرز یا پتہ اکثر غلط ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے لواحقین کا پتہ نہیں چل پاتا۔سارہ احمد نے بتایا کہ اب ان بچوں کی تصاویر بھی جاری کی جارہی ہیں تاکہ ان کے خاندانوں کی تلاش کی جا سکے۔ یہ تصاویر بچوں کے بتائے گئے پتے اور معلومات کے ہمراہ متعلقہ علاقوں میں چسپاں کی گئی ہیں، تاہم ابھی تک ان بچوں کے والدین یا لواحقین سے رابطہ نہیں ہو سکا، اور ان کی تلاش جاری ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں 121 گمشدہ بچے لواحقین کے منتظر
4