لاہور( اباسین خبر) نیو ایئر نائٹ پر سکیورٹی پلان مکمل، 25 ہزار پولیس اہلکار تعیناتپنجاب پولیس نے نیو ایئر نائٹ پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی پلان مکمل کر لیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق، سال نو کی آمد پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔ اس میں 395 انسپکٹرز، 1125 سب انسپکٹرز، 2060 اے ایس آئیز، 1310 ہیڈ کانسٹیبلز اور 18759 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ لاہور میں 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر ہوں گے، اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔آئی جی پنجاب کا پیغامانسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی۔ شرپسند عناصر کو گرفتار کر کے حوالات بھیجا جائے گا۔انہوں نے نیو ایئر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط انتظامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پی ایچ پی ٹیمیں سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھائیں گی۔ لاہور سمیت تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رہیں گے، اور گزشتہ سال کے ریکارڈ یافتہ ون ویلرز اور ہوائی فائرنگ کے ملزمان سے ضمانتی مچلکے لیے جائیں گے۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔ سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کریں گے۔ شہری ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے بارے میں 15 پر اطلاع دیں۔
پنجاب پولیس کا نیو ایئر نائٹ پر امن و امان یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پلان تیار
1