پشاور( اباسین خبر)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور کرم میں امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ترجمان وزیراعلی ہاس کے مطابق، وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر کرم کے لیے ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے۔ کرم کا زمینی راستہ کھلنے تک یہ سروس جاری رکھی جائے گی۔ جمعرات کو ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر نے کرم کے لیے چھ پروازیں کیں۔اب تک 613 افراد کو ایئر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی گئی، جس میں جرگہ ممبران، خواتین، بچے، طلبہ اور مریض شامل ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا انہیں بخوبی احساس ہے، اور صوبائی حکومت ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کرم کے مسئلے کا پرامن حل جلد نکلے گا اور زندگی معمول پر آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ امن کے قیام کے لیے فریقین اور علاقے کے عمائدین کو صوبائی حکومت کی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، امن کا قیام اولین ترجیح ہے: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور
3