لاہور( اباسین خبر)لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے ممبران اسمبلی کو نااہل کرنے کے اختیار کے خلاف درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کے ممبران اسمبلی کو نااہل کرنے کے اختیار کو چیلنج کیا تھا۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 137 کی شق 4 آئین سے متضاد ہے اور الیکشن کمیشن کے پاس عدالتی اختیار نہیں ہے، اس لیے کمیشن کسی کو نااہل قرار نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن براہ راست کسی کو نااہل قرار نہیں دے سکتا اور یہ اختیارات عدلیہ کا حصہ ہیں۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا نااہلی کا اختیار کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم کو ارسال کر دی۔
ممبران اسمبلی کو نااہل کرنے کے اختیار کیخلاف درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش
18