کراچی( کامر س ڈیسک) شعبہ جاتی بنیادوں پر تازہ سرمایہ کاری اور مثبت امیدوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو اتار چڑھا کے ساتھ تیزی رہی تاہم تیزی کے باوجود 57.11 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں لیکن حصص کی مالیت میں 9 ارب 66 کروڑ 33 لاکھ 65 ہزار 620 روپے کا اضافہ ہو گیا۔کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا، ایک موقع پر 660 پوائنٹس کی تیزی اور بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے 35 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن آئل اینڈ گیس سمیت دیگر شعبوں میں خریداری سرگرمیاں برقرار رہنے کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 158.08 پوائنٹس کے اضافے سے 79491.14 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو بھی مسلسل پانچویں دن بھی ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 04 پیسے کی کمی سے 278 روپے 12پیسے کی سطح پر بند ہوئے جبکہ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 280 روپے 75 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جس سے پیر کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1700 روپے کے اضافے سے 268000 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 1458 روپے کے اضافے سے 229767 روپے کی بلند سطح پر آ گئی۔
اسٹاک مارکیٹ، مثبت امیدوں کے باعث اتار چڑھاؤ کے ساتھ تیزی
47