اسلام آباد( کامر س ڈیسک) حکومت ریاستی اداروں کو نظم و ضبط میں رکھنے میں ناکام نظر آتی ہے، ٹیکس وصولی کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایف بی آر کو عدالت میں گھسیٹ لیا ہے، وزارت قانون و انصاف بھی سی اے اے کے موقف کی حامی ہے، تاہم وزارت خزانہ ایف بی آر کو سپورٹ کر رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق سی اے اے 50 ارب روپے کے ٹیکس تنازعے کو حل کرانے کیلیے سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے، سی اے اے کی جانب سے فائل کی گئی سول پٹیشن کی سماعت سپریم کورٹ کل (بروز بدھ) سماعت کرے گی۔یاد رہے کہ قبل ازیں سی اے اے نے ایف بی آر کی جانب سے ایڈوانس ٹیکس وصولی کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، لیکن سندھ ہائیکورٹ نے قرار دیا تھا کہ اتھارٹی ایک سرکاری ادارہ ہے، اور اس کے مسائل کو حل کرنے کیلیے مناسب فورم ADRC یا پھر وفاقی کابینہ ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سی اے اے ADRC میں مسئلہ حل کرنے کیلیے تیار نہیں ہے اور سپریم کورٹ سے مسئلہ حل کرانا چاہتی ہے، سی اے اے کی جانب سے یہ کیس ایک ایسے وقت میں دائر کیا گیا ہے جب ایف بی آر اپنا 1.2 ہزار ارب روپے کا ماہانہ ہدف حاصل کرنے کیلیے شدید مشکلات کا شکار ہے اور سی اے اے سے ایڈوانس ٹیکس کی مد میں 9.5 ارب روپے حاصل کرنا چاہتا ہے۔
ٹیکس تنازع، سی اے اے نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
47