ویمنز ون ڈے رینکنگ، پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں پیش رفت
لاہور( سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کی تازہ ویمنز ون ڈے رینکنگ میں پاکستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹرز نے عمدہ کھیل کی بدولت اپنی درجہ بندی میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔پاکستان کی سینئر بیٹر سدرہ امین نے سیریز کی ابتدائی دو اننگز میں 57 اور ناقابلِ شکست 100 رنز کی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نویں پوزیشن پر جگہ بنا لی۔ اس پیش رفت کے ساتھ انہوں نے بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ ٹین میں اپنی جگہ مستحکم کر لی۔قومی ٹیم کی اوپنر گل فیروزہ نے 18 درجے ترقی کے بعد 54ویں نمبر پر رسائی حاصل کی، جبکہ سری لنکا کی وشمی گنارتنے 16 درجے بہتری کے ساتھ اپنے کیریئر کی بہترین 39ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔اسی طرح سری لنکا کی ہریتھا سماراوکرما بھی تین درجے ترقی کرتے ہوئے مشترکہ طور پر اپنے کیریئر کی بہترین 17ویں پوزیشن کی مالک بن گئی ہیں۔باؤلنگ رینکنگ میں سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو 32ویں نمبر پر آ گئی ہیں، جبکہ آل راؤنڈرز کی عالمی فہرست میں وہ بدستور آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ادھر پاکستان کی اُمِ ہانی اور سیدہ عروب نے بھی شاندار کارکردگی کے باعث ویمنز ون ڈے باؤلنگ رینکنگ میں 11،11 درجے بہتری حاصل کی ہے، جس کے بعد وہ بالترتیب 53ویں اور 63ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔