ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر 60 رنز کی برتری، دوسری اننگز میں 6 وکٹیں گنوا دیں

ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر 60 رنز کی برتری، دوسری اننگز میں 6 وکٹیں گنوا دیں

Aug 5, 2026|ویب ڈیسک

پورٹ آف اسپین( سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے اور اسے قومی ٹیم پر 60 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 387 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 43 رنز کی سبقت حاصل کی۔میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز سے دوبارہ شروع کی۔ کپتان بابر اعظم 88 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ ڈیبیو کرنے والے اویس ظفر ایک، سلمان علی آغا صفر اور محمد رضوان 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 160 رنز بنائے۔ ساجد خان نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے 30 رنز اسکور کیے، جبکہ علی عثمان 10، عبید شاہ اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 387 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 43 رنز کی برتری حاصل کی۔دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کا آغاز مشکلات کا شکار رہا اور پاکستانی بولرز نے میزبان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو زیادہ دیر کریز پر رکنے نہ دیا۔ کھیل کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں پر 103 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیوم ہوج نے 34 رنز بنائے، جبکہ روسٹن چیز دن کی آخری گیند پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فیصلہ کن مرحلے میں پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے ویسٹ انڈیز کی باقی وکٹیں جلد حاصل کرنا ہوں گی۔