ویمنز ایشیا کپ میںہماری کوشش ہوگی کہ اچھی اور بھرپور کرکٹ کھیلیں، فاطمہ ثنا

ویمنز ایشیا کپ میںہماری کوشش ہوگی کہ اچھی اور بھرپور کرکٹ کھیلیں، فاطمہ ثنا

Aug 28, 2026|ویب ڈیسک

دبئی( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ویمنز ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف اہم مقابلے کیلئے قومی ٹیم کو تیار قرار دے دیا۔کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ 5 ستمبر کو ہوگا اور ٹیم اس مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں میچ کے روز بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم کامیاب ہوتی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اچھی اور بھرپور کرکٹ کھیلیں اور اس مقابلے سے لطف اندوز ہوں۔دی ہنڈریڈ لیگ کے تجربے سے متعلق فاطمہ ثنا نے کہا کہ وہاں کھیلنا ان کیلئے بہترین تجربہ رہا اور انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کیلئے اعزاز تھا اور وہ چاہتی تھیں کہ ان کی کارکردگی سے مزید پاکستانی خواتین کرکٹرز کو بھی وہاں کھیلنے کے مواقع ملیں۔ویمنز ایشیا کپ کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے مقابلے سے ہوگا، پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر، دوسرا 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو ہوگا۔ایونٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش، سری لنکا، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ہانگ کانگ اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔