وینزویلا میں زلزلے کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 3,342 تک پہنچ گئی
کاراکس( مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3 ہزار 342 ہو گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور لاپتا ہیں۔ امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور حکام متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔وینزویلا کی پارلیمنٹ کے صدر جارج روڈریگز نے سماجی ذرائع ابلاغ پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں زخمیوں کی تعداد 16 ہزار 740 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اب تک 6 ہزار 462 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے بچایا جا چکا ہے۔ان کے مطابق 24 جون کو آنے والے دو شدید زلزلوں کے بعد متاثرین کی رہائش اور امداد کے لیے ملک بھر میں 79 عارضی امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں متاثرہ خاندانوں کو ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔جارج روڈریگز نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور دارالحکومت کاراکس میں قائم عارضی کیمپوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کی دیکھ بھال، تحفظ اور فلاح کے لیے مزید محفوظ مراکز قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی زلزلوں کے بعد اب تک 995 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 4 ہزار سے زائد امدادی کارکن مختلف علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق اب بھی ہزاروں افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔