ازبکستان نے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی
کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) ازبکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان کی سرحد سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی۔ازبک میڈیا رپورٹس کے مطابق سرحدی علاقے سرخان دریا میں سکیورٹی اداروں نے ایک مشکوک ڈرون کو بروقت ٹریس کرکے قبضے میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ڈرون کے ذریعے افغانستان کی جانب سے منشیات ازبکستان منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ازبکستان کی اسٹیٹ سکیورٹی سروس اور بارڈر ٹروپس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ڈرون سے 2 کلوگرام 32 گرام افیون برآمد کرکے ضبط کر لی۔ازبک حکام نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ڈرون کے مبینہ لانچنگ پوائنٹ، ممکنہ خریداروں اور سہولت کاروں کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔بعض بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کے واقعات سرحدی نگرانی اور انسدادِ منشیات کے نظام سے متعلق چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہیں۔ تاہم افغانستان کی موجودہ صورتحال اور طالبان حکومت کی پالیسیوں سے متعلق مختلف فریقین کے مؤقف ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔