امریکا میں ویزا فراڈ کی تحقیقات، بھارتی آئی ٹی کمپنی بھی زیرِ تفتیش
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں ایچ ون بی اور پرم ویزا پروگرامز میں مبینہ بے ضابطگیوں اور فراڈ سے متعلق تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جس میں ایک بھارتی آئی ٹی کمپنی بھی شامل ہے۔بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کے مطابق امریکی حکام نے ایچ ون بی اور پرم ویزا پروگرامز میں مبینہ فراڈ کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔رپورٹ کے مطابق تحقیقات کے دائرے میں شامل کمپنیوں میں بھارتی آئی ٹی کمپنی کگنیزنٹ بھی شامل ہے، جبکہ یہ تحقیقات امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس کر رہی ہے۔امریکی حکام کے مطابق جعلی ویزا درخواستوں کے ذریعے غیر ملکی کارکنوں کے استحصال اور امریکی کارکنوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی مبینہ اسکیموں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔امریکی محکمہ محنت کے انسپکٹر جنرل انتھونی ڈی ایسپوزیتو کے مطابق تحقیقات کے سلسلے میں متعلقہ کمپنیوں کو سمن جاری کیے گئے ہیں اور مختلف معاملات کی چھان بین جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے نے ویزا پروگرامز میں شفافیت، ملازمتوں کے تحفظ اور کارپوریٹ ضابطوں پر عمل درآمد سے متعلق سوالات کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔